اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی تر قی، اصلا حات اور شماریات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج اہداف حاصل کرنے کیلئے صحت کے شعبہ کا بجٹ بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ حکومت لوگوں کو صحت کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈبلیو ایچ او کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس سے منگل کو ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، بل اینڈ میلنڈا گیٹس کے صدر گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر کرس اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں صحت کے شعبہ کی مزید بہتری کیلئے ڈبلیو ایچ او کے کردار کو سراہا۔ پولیو کے خاتمہ کیلئے 986.3 ملین ڈالر کے ایمرجنسی پلان کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پلان کی عارضی منظوری دی گئی ہے کہ اس کے مؤثر عملدرآمد کیلئے ایک مربوط نگرانی کا میکنزم تشکیل دیا جائے اور صوبوں کی طرف سے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی ہو تاکہ اس بیماری کو ملک بھر سے ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا جائے۔ پولیو پلان کو اس ہفتے دوبارہ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں لے جانے کی توقع ہے جسے پھر ایکنک کو بھیج دیا جائے گا۔ ڈاکٹر کرس سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے پولیو کے وائرس کے خاتمہ کیلئے تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائونڈیشن ملک سے ٹی بی، ایچ آئی وی/ایڈز، ہیپاٹائٹس اور اس جیسی اور بیماریوں کے خاتمہ کیلئے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دینے میں مدد کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہئے۔ خاندانی منصوبہ بندی کی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑھتی آبادی کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی پارٹنرز کے کردار کو سراہا۔ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن نے کہا کہ سٹنٹنگ پاکستان میں ایک مسئلہ ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ڈبلیو ایچ او اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن اپنے اگلے پلان میں اس پہلو کو ترجیح دیں گے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈی جی نے کہا کہ تمام پارٹنرز یونیورسل ہیلتھ کوریج کے اہداف حاصل کرنے اور پولیو وائرس ختم کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ڈاکٹر کرس نے بتایا کہ جلد ہی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کی غذائیت ٹیم سٹنٹنگ کم کرنے کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔