
اسلام آباد/ لاہور ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) عید میلاد النبی کے حوالے سے پیر کو لاہور میں قومی سیرت النبیﷺ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کانفرنس میں شریک دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔انھوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے جمع ہونے والے اہل علم کا کانفرنس میں شریک ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی ہم سب کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اپنا اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ اسلامی تعلیمات اور اسوہ رسول کی روشنی میں بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری کے پہلو کی روشنی میں بڑے مسائل کو باہمی افہام وتفہیم سے حل کیا جاسکتا ہے۔