وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ،مفتی اعظم شوقی ابراہیم عبدالکریم ودیگرکا بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

69

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان در اصل پیغام اسلام ہے، ادارہ تحقیقاتی اسلامی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اس متفقہ قومی بیانیہ کی اشاعت میں قابل تحسین کردار ادا کیا، اس پیغام کو پوری دنیا میں عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام بین الاقوامی معزز مہمانوںکو پیغام پاکستان سے روشناس کرانا تھا۔ کانفرنس کی صدارت مصر کے مفتی اعظم شوقی ابراہیم عبدالکریم کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے 1800 سے زائد علماءنے اس اعلامیہ پر دستخط کئے ہیں تاکہ دنیا کو جو اسلام مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہی ہے، کو بتایا جا سکے۔ پیغام پاکستان ہی ہمارا متفقہ بیانیہ ہے جو ہر قسم کی دہشت گردی، عسکریت پسندی، تکفیریت کی نفی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی ہمارا قومی بیانیہ متفقہ اسلامی بیانیہ ہے جو 1400 سال پہلے اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد کے ذریعے پوری دنیا میں پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ امام کعبہ نے بھی پیغام پاکستان کے بیانیہ کی توثیق کی اور متفقہ بیانیہ کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔