وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی چیئرمین موسسہ جنوبی ایشیاءرافع بدر سے گفتگو

مکہ مکرمہ ۔ 2 فروری (اے پی پی) حج اسلام کا اہم رکن ہے اس لئے اسے بہت اہمیت دیتے ہیں۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے جنوب ایشیائی ممالک کے حج انتظامات کرنے والے ادارے موسسہ جنوب ایشیاء کے چیئرمین رافع بدر سے ملاقات کے دوران کہی۔ سردار یوسف جمعہ کو ایک وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں قائم سعودی ادارے موسسہ جنوب ایشیا ئ میں حج معاہدات کیلئے پہنچے۔ حج معاہدات سے متعلق اہم اجلاس میں انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں حجاج کی خدمت کے نیک مقصد کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ حج اسلام کا اہم رکن ہے اس لئے اسے بہت اہمیت دیتے ہیں۔ حرمین شریفین کی بہترین خدمت سعودی حکومت کا طرہء امتیاز ہے۔ پاکستانی عوام نے بھی سعودی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ پچھلے سالوں کے کامیاب حج دونوں طرف کی ٹیموں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت کی کوشش رہی ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ کے فرق کے بغیر حجاج کی خدمت کرے۔ پاکستانی عوام میں حج کا بہت جذبہ ہے لیکن ہمارا کوٹہ آبادی کے لحاظ سے نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دور میں 4 حج آپریشن کامیابی سے ہوئے جبکہ اس سال پونے چار لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں۔ کسی حکومت کی پالیسی اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اس پر مکمل عمل درآمد نہ ہو۔