اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی بنا کر دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری اولین ترجیح تعلیم ہے، نیکی اور بھلائی کے کاموں میں اﷲ اپنے بندوں کی مدد کرتا ہے، ہم میں سے ہر ایک کو اپنے حصہ کی شمع روشن کرنی چاہئے، اگر ہم ووکیشنل ٹریننگ اور اس سے متعلقہ اداروں کے ذریعے نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ ہنرمندی کی تربیت دیں تو ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا سنگ میل عبور کیا جا سکتا ہے۔ وہ پیر کو یہاں مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام ووکیشنل ٹریننگ ایجوکیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مسلم ہینڈ انٹرنیشنل اور ان کے چیئرمین کے ساتھ 1990ءسے تعلق ہے، میں بطور وزیر نہیں بلکہ ان کے ایک ساتھی کی حیثیت سے آیا ہوں، اس تنظیم کی کارکردگی 2005ءکے زلزلہ میں جو رہی ہم اس کے گواہ ہیں، اس تنظیم نے ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں کام کیا، اس طرح 2010ءکے سیلاب کے موقع پر مسلم ہینڈ نے ایمرجنسی ریلیف اور بحالی کیلئے کام کیا اور اب تک تعمیری پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے، ایجوکیشن کمپلیکس آف وزیرآباد اور ملک کے مختلف حصوں میں سنٹر آف ایکسیلینس اسی ادارے کے شاندار کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار میں حکومتی اداروں کی نمائندگی دیکھ کر محسوس کیا جا سکتا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ آ گئی ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک کروڑ بےروزگاروں کو روزگار دینا ہے۔