اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں منبر و محراب کو مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل اور سیرت کے مختلف پہلوئوں کی تعلیم و ترویج کیلئے استعمال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بدھ کووزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ علماء کرام و مشائخ عظام مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے منبر و محراب کے ذریعے اپنا عظیم کردار ادا کریں،نئی نسل کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے حکومت، اداروں اور علماء کرام نے مل کر کام کرنا ہے، علماء کرام یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیں گے تو اس کا اثر بہت زیادہ ہو گا اور مضبوط پیغام جائے گا، ہمیں اسلام کے نام کا غلط استعمال بند کرانا ہے، دہشت گردی سے متعلق علماء کرام کی تجاویز پر عملدرآمد بھی کرایا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ انٹرنیشنل لابیز پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کر رہی ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح فواج سمیت پاکستان کے ہرطبقے نے قربانیاں دی ہیں،علماء کرام انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں، انتہا پسندی کے خلاف قانون ہمیشہ حرکت میں آتا ہے،
بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ہمارے معاشرے میں محبت ، مساوات، روادری اور برادشت جیسے جذبات کو فروغ دے کر ہی ممکن ہو سکتا ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ حج اقساط میں کرنے سے متوسط طبقے کو فائدہ ہوگا۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حج کے دوران بہترین انتظامات کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔