وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا اسلامی ممالک کے وزراء مذہبی امور کی 13ویں ایگزیکٹو کونسل سے خطاب

131

قاہرہ۔14فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے اسلامی ممالک کے وزراء مذہبی امور پر زور دیا ہے کہ ہمیں اسلامی تصورات کو دوستانہ، بہتر اور مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل ان تصورات کو خوشدلی سے اختیار کرے۔

پیر کو یہاں اسلامی ممالک کے وزراء مذہبی امور کی 13ویں ایگزیکٹو کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی سماجی دنیا اخلاقی اور سماجی بحرانوں کے لامتناہی سلسلہ کا شکار ہے جس میں ظلم و بربریت انتہا کو پہنچ چکی ہے، فرقہ واریت، تشدد، خونریزی اور کرپشن جیسے مسائل انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تعلیم و تربیت کے اہداف حاصل کرنے میں ہمیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کے مذہبی امور کا معاشروں کی اصلاحات کے حوالہ سے کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامی تصورات کو دوستانہ، بہتر اور مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل ان تصورات کو اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزراء مذہبی امور اور سکالرز کو چاہئے کہ دنیا میں امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں عوام سے رابطوں کو فروغ دینا چاہئے اور غلط و صحیح کے درمیان فرق کو واضح کرنا چاہئے۔