وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا قومی اسمبلی میں چوہدری محمد برجیس طاہر اور دیگر کے توجہ دلاﺅ نوٹس پر اظہار خیال

114
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 2020-21ءکے حج فارمز سے حضرت محمد ﷺ کے خاتم النبیین کا حلف حذف کئے جانے کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران چوہدری محمد برجیس طاہر اور دیگر کے توجہ دلاﺅ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ ہمارے دین ‘ ایمان اور عقیدے کا جزو لاینفک ہے۔ حضرت محمد ﷺ کو خاتمہ الانبیاءجانے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ اس حوالے سے کوئی بھی حرکت ناقابل معافی ہے۔ حضورﷺ نے خود فرمایا کہ میں آخری نبی ہوں‘ اس پر ہم سب کا ایمان ہے۔ جب قادیانی غیر مسلم قرار دیئے گئے تو اس کی ایک تاریخ ہے۔ 1973ءمیں ذوالفقار بھٹو‘ آغا شورش کشمیری سب کا اس معاملے پر یکساں موقف تھا۔ اس ایوان نے قادیانیوں کو اقلیت اور کافر قرار دیا۔ ایسا شخص جو حضورﷺ کی ختم نبوت کا منکر ہو وہ حضورﷺ کا دشمن ٹھہرا۔ اس کو کون حج پر لے جانے کی جسارت کر سکتا ہے۔ حج فارم میں اوریجنل فارم اور ڈیٹا فارم کو الگ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سب سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے ایس ایم ایس کیا۔ ختم نبوت کا حلف نامہ اوریجنل فارم میں موجود ہے۔ تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار عازمین حج نے دستخط کئے اور انگوٹھے کے نشان ثبت کئے۔ ختم نبوت کے حلف نامے پر تمام حجاج کے دستخط موجود ہیں۔ گزشتہ سال سے سعودی عرب نے ای حج کا نظام متعارف کرایا ہے اور تمام ڈیٹا انٹرنیٹ کے ذریعے سعودی حکام کو بھیجا گیا ہے۔ پہلے 14 صفحات کا فارم تھا جس میں کوائف درج کئے جانے تھے۔ حجاج کرام کی سہولت کے لئے وزارت حج اور بنکوں نے طے کیا کہ پہلے ڈیٹا فارم جمع ہوگا پھر بنک کا سسٹم آٹو میٹک فارم دے گا جس پر حلف نامہ موجود ہے۔ ختم نبوت سے انکار جرم ہے‘ کسی کو بلاتصدیق منکر ختم نبوت سمجھنا بھی جرم ہے۔ وزارت کے حکام نے حجاج کی سہولت کے لئے فارم میں آسانی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامے کے الفاظ اور جملوں کے جائزہ سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم سب حضور اکرمﷺ کی حرمت پر جان بھی قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ہم سب کو اللہ کو جوابدہ ہونا ہے۔ ہمیں حضورﷺ سے عشق ہے۔ قبل ازیں چوہدری محمد برجیس طاہر نے توجہ دلاﺅ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حج فارم میں تبدیلی کرنے والوں کا تعین کیا جائے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی جائے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے عقیدے کا بنیادی جزو ہے۔ بعد ازاں سپیکر اسد قیصر نے توجہ دلاﺅ نوٹس متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔