وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

213
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے تصور کا پہلا قدم بلا سود بینکاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان اور ساری کابینہ کی یہ خواہش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لی جائے، حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کو موثر انداز میں فعال کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مذہبی امورنے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل ایک اہم ادارہ ہے جو ریاست کے دینی اور اسلامی معاملات کی دیکھ بھال کرتا ہے اور حکومت کو مفید مشوروں سے نوازتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور ساری کابینہ کی یہ خواہش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لی جائے اور ماضی کے مقابلہ میں اس کو مزیدفعال کیاجائے۔