اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ آسمانی کتب اور انبیاءکی بے حرمتی یہودیت اور عیسائیت سمیت تمام مذاہب کا مسئلہ ہے اور اس کا تعلق عالمی امن کے ساتھ ہے، ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے دلوں اور جذبات کی حدود و قیود واضح ہونی چاہئیں، دوست ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر قانون لانے کی بھرپور کوشش کریں …
وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری کا ہفتہ عشق رسالتﷺ کے سلسلہ میں عظمت مصطفی کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ آسمانی کتب اور انبیاءکی بے حرمتی یہودیت اور عیسائیت سمیت تمام مذاہب کا مسئلہ ہے اور اس کا تعلق عالمی امن کے ساتھ ہے، ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے دلوں اور جذبات کی حدود و قیود واضح ہونی چاہئیں، دوست ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر قانون لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ جمعرات کو یہاں ہفتہ عشق رسالت ﷺکے سلسلہ میں عظمت مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہفتہ عشق رسول کے حوالہ سے حکومت کی کوششوں کے تناظر میں یہ کانفرنس خواتین کی طرف سے حصہ ہے۔ انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ کا ایسے پروگراموں اور تقاریب کی حوصلہ افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی پاکﷺ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جہاں تمام انسانی مراتب اور عظمتیں ختم ہوتی ہیں وہاں سے آپ کی عظمت شروع ہوتی ہے، فرانس، ڈنمارک، سویڈن، ناروے سمیت کہیں بھی ناپاک یا غلیظ جسارت ہوتی ہے تو اس کا نبی پاک کی شان یا عظمت پر کوئی فرق نہیں پڑتا، جب کفار نے آپ کو طعنہ دیا تو اﷲ نے سورة کوثر نازل فرمائی۔ آپ کی سیرت اور اخلاق کریمہ کی اتباع کا اﷲ نے حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی رضائی والدہ یا رضاعی بہن آپ کے پاس آتیں تو آپ اپنی اوڑھنی بچھا دیتے، اسی طرح حضرت فاطمہؓ جب آپ سے ملنے آتیں تو آپ کھڑے ہو کر استقبال کرتے اور اپنی مسند پر بٹھاتے۔ خواتین کے ذمہ جو کام ہیں وہ اس قوم کی تربیت ہے۔ فرانسیسی صدر میکرون نے احمقانہ طریقہ سے ان ناپاک کوششوں کا دفاع کیا ہے، پہلے کچھ افراد اور تنظیمیں ناپاک جسارت کرتی رہیں مگر اس مرتبہ فرانسیسی صدر نے دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں جسے میں جائز سمجھتا ہوں، ہمیں اپنے چھوٹے بچوں، بھائی بہنوں کو حضور نبی پاک کا مقام و مرتبہ بتانا چاہئے۔ قرآن میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ جس نے رسول کی پیروی کی اس نے اﷲ کی پیروی کی۔ اﷲ نے اپنے حبیب کی قسمیں اٹھائی ہیں، اس مقام و مرتبہ کا یہ کارٹون بنانے والے کیا بگاڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت اور وزیراعظم پر فخر ہے، پاکستان، ترکی اور ایران نے بھی صدر میکرون کی مذمت کی ہے۔ اس حوالہ سے پاکستان نے اسلامو فوبیا کے معاملہ کو اٹھانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور دوست ممالک کے ساتھ مل کر اس سلسلہ میں تمام ممالک اور معاشروں کیلئے قابل قبول قانون لانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دلوں اور جذبات کو مجروح کرنے کی حدود و قیود واضح ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے ہدایت کی ہے کہ عالم اسلام کی سرکردہ شخصیات سے بات کریں، عیسائیت اور یہودیت کے مذہبی رہنمائوں سے بات کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ آسمانی کتب اور انبیاءکی توہین سب کا مسئلہ ہے کیونکہ اس مسئلہ کا تعلق عالمی امن سے ہے۔








