وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، آئی ایف آر اے پی سمیت مختلف منصوبوں پرپیشرفت کا جائزہ لیا

Federal Minister for Planning

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید اور وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے بدھ کو سٹیئرنگ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جس میں انٹیگریٹڈ فلڈ ریسیلینس ایڈاپٹیشن، پروجیکٹ آئی ایف آر اے پی پرپیشرفت کا جائزہ لیا گیا، یہ 400 ملین ڈالر کا منصوبہ عالمی بینک کی معاونت سے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے شروع کیا گیا ہے۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی ، ایڈیشنل سیکرٹری بلوچستان، ممبران پلاننگ کمیشن، پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایف آر اے اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اس منصوبے کا مقصد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالیاور متاثرہ علاقوں کی کی تعمیر نو ہے جسکو عالمی بینک کی فنڈنگ سے شروع کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کو بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے بلوچستان اور سندھ بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ سیلاب کے بعد پاکستان نے 4آر ایف فریم ورک ترتیب دیا تھا جبکہ رواں سال پاکستان ڈونر کانفرنس میں پاکستان کے لئے 10 بلین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کے وعدے کئے گئے تھے جس کے تحت مختلف منصوبے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے شروع کئے گئے ہیں جبکہ بلوچستان کیلئے یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایف آر اے پی نے منصوبے کے کلیدی اجزا پر روشنی ڈالتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی جس میں صوبائی/مقامی سڑکوں کی تعمیر نو اور بحالی، سیلاب سے بچاؤ، آبپاشی/نکاسی آب، پانی کی فراہمی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم کی بحالی شامل ہیں۔ ہائیڈرو میٹرولوجیکل، قبل از وقت وارننگ سسٹم کا قیام، مویشیوں کی بحالی، ویکسینیشن اور متعلقہ مویشیوں اور آبی زراعت کا بنیادی ڈھانچہ، کسانوں کے لئے نقد معاوضہ باغبانی کی معاونت جیسے دیگر اقدامات شامل ہیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیرمنصوبہ بندی سمیع سعید نے متعلقہ حکام کو اس منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع ہو سکے اور عوام اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد میں صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی حکومت بالخصوص وزارت منصوبہ بندی کی کاوشوں کو سراہا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔