اسلام آباد ۔ 10 اگست(اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کی تکمیل دو سال میں ہوگی‘ اس کا 50 فیصد بجٹ وفاق جبکہ 50 فیصد صوبہ برداشت کرے گا‘ اس کا ٹھیکہ صوبائی حکومت نے ایف ڈبلیو او کو دے دیا ہے‘ وفاق کی جانب سے 2 ارب 70 کروڑ روپے ایڈوانس کے طور پر فراہم کردیئے گئے ہیں‘ موجودہ وزیراعلیٰ جب سینئر وزیر تھے تب وہ اس منصوبے پر اجلاسوں میں شریک ہوتے تھے اس لئے توقع ہے کہ وہ اس کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ صلاح الدین کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے بتایا کہ گزشتہ سال بجٹ میں ہم نے کراچی کے لئے پانی کے منصوبے کے لئے دو ارب 70 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔ وفاق اس منصوبے کے 50 فیصد اخراجات برداشت کرے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جونہی منصوبے پر کام مکمل ہوگا اپنے حصے کی تمام رقم جاری کردیں گے۔