وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر کی ملاقات

78
Ahsan Iqbal
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت اور کھیل دو ملکوں کے باہمی تعلقات جوڑنے کے لئے دو مضبوط ترین محرک ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے 10، 15 بہترین ٹور آپریٹرز کو نامزد کرے گا اور انہیں سیاحت کے لئے قزاخستان کے عوام سے منسلک کرے گا، پاکستان وسطی ایشیا اور افغانستان کے درمیان ریلوے رابطے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔

قزاخستان کے سفیر نے کہا کہ 23 اور 24 مئی کو قزاخستان الماتی شہر میں کھیلوں کی سیاحت کا جشن منائے گا، پاکستان اور قزاخستان میں چیس فیڈریشنز کے درمیان تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑی پاکستانی لاجسٹک کمپنیاں قزاخستان کا دورہ کر چکی ہیں اور قزاخستان میں دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں، گزشتہ سال لاہور اور الماتی کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی گئی تھیں جن کا دورانیہ صرف دو گھنٹے ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار پاکستانی یونیورسٹیاں نمل، نسٹ، پنجاب یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ کیا کہ وہ اپنے طلباء اور فیکلٹی کو اس سال قزاخستان کے دورے کے لئے بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ دو اہم ٹرانزٹ روٹس زیر تعمیر ہیں، پہلا کوریڈور مغربی چین کو یورپ سے ملانے جبکہ دوسرا وسط ایشیا میں قزاخستان کو پاکستان سے ملانے کے لئے ہے۔