28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر...

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کی ملاقات، بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی

- Advertisement -

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی اور انہیں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر مبارکباد دی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ترکیہ کی طرف سے پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے لیے ہمیشہ برادرانہ اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ،دلیرانہ اور بہادرانہ رویے کا عملی طور پر اظہار کیا اور الحمداللہ پاک افواج کی محنت رنگ لائی بالخصوص پاک فضائیہ کی تاریخی کارکردگی کے باعث اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوتاریخی کامیابی عطا کی۔ ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات دن بدن فروغ پا رہے ہیں اور ماضی کی طرح ترکیہ آئندہ بھی پاکستان کا کسی بھی مشکل میں بھر پور ساتھ دے گا۔انہوں نے ترکیہ کے صدر اور عوام کی جانب سے بھی پاکستان کیلئے اس اہم کامیابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اوروزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے مابین اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ اسی ہفتے ہونے والے "کاذان فورم "کے انعقاد پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں ترکیہ اور پاکستان سمیت خطے کے مختلف ممالک شرکت کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الملکی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے جس کے لیے پاکستان سے وسط ا یشیائی ریاستوں، روس اور یورپ تک رسائی اور زمینی رابطے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔عبدالعلیم خان نے ترکیہ کے سفیر کو بتایا کہ کاذان فورم میں دیگر ملکوں کو پاکستان کی طرف سے تجارتی راہداریوں کی پیشکش کی جائے گی جبکہ پاکستان سے چین، افغانستان اور ایران کے تجارتی روٹس کے آپشن پہلے سے موجود ہیں اور ریل، روڈ، بحری اور فضائی رابطوں پر مزیدبات چیت ہو سکتی ہے۔ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ کاذان فورم میں نمائندگی حوصلہ افزاء ہے جس کے اس خطے کی معاشی حالت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596563

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں