اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج کے کشمیری عوام پر محاصرے کا ایک سال مکمل ہونے پر (کل) بدھ 5 آگست کو پوری پاکستانی قوم یوم استحصال کے طور پر منائے گی، پوری دنیا کے ہر فورم پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیری عوام سے یکجہتی کے عزم کے اعادہ کرتے ہوئے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی معروف شاہراہ کشمیر کا نام تبدیل کرکے سری نگر ہائی وے رکھ رہے ہیں- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کشمیر چوک اسلام آباد میں شاہراہ کشمیر کے نام کی بطور سری نگر ہائی وے تبدیل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا – انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل5 اگست کو بھارتی ہندوتوا نظریے کی سوچ کی حامل مودی سرکار نے غیر ائینی اقدام کے تحت کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی جس کے بعد ایک سال سے بھارتی دہشت گرد افواج نے کشمیریوں کا مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے- بھارتی جبر و استبداد کے آگے کشمیری سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر نہتے ان مظالم کا سامنا کر رہے ہیں- کشمیر کا بچہ بچہ خود کو پاکستانی کہتا ہے اور ہم نے بھی کشمیری عوام کی ہر محاذ پر حمایت کرنی ہے ، ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے (کل)بدھ 5 آگست یوم استحصال کے طور پر منائے گی, وفاقی چ وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر 5 اگست کے بھارتی اقدامات اور بھارتی جبرکو پوری دنیا کے سامنے موثر اور مدلل انداز میں بے نقاب کیا اور کشمیریوں کا حقیقی سفیر بن کر دکھایا جس کا انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ وعدہ کیا تھا- وزیراعظم اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ مودی سرکار کشمیری عوام پر مظالم ڈھا کر ہٹلر کی یاد تازہ کر رہی ہے اور خود بھارت میں بھی اقلیتوں کے ساتھ اپنے سلوک کے ذریعے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے- انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی وابستگیوں کے باوجود پوری قوم کشمیری عوام کی حمایت میں متفق و متحد ہے- اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اج سے شاہراہ کشمیر اسلام آباد سے مری ایکسپریس وے اور مظفر آباد تک کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے ہوگا جس کی عملی شکل بھی نظر آتے گی یہ شاہراہ روڈ ٹو سری نگر ہو گی- وفاقی وزیر نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد ایک نئی چنگاری نے نئے روشن الاﺅ کی شکل اختیار کر لی ہے اور پوری تحریک آزادی کشمیر ایک اہم موڑ پر داخل ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم کشمیری قیادتِ کے ساتھ سری نگر جامعہ مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کریں گے، ہر پاکستانی کشمیر بنے گا پاکستان کے نظریے پر متفق ہے- قبل ازیں وفاقی وزیر نے سری نگر شاہراہ کے نئے نام کی تختی کی نقاب کشائی کی- کشمیر چوک میں منعقدہ اس تقریب میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر افسران بھی شریک تھے-