اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری چیلنج چیلنج کا راگ لگانے کی بجائے میری موجودگی میں ایوان میں بیٹھ کر تو دکھائیں، ایوان میں بات کرنے کا موقع آتا ہے تو یہ بوریا بستر بغل میں دبا کر پتلی گلی سے نکل جاتے ہیں، جھوٹ، کرپشن، بددیانتی اور منافقت کی بنیادوں پر کھڑی سیاست کسی صادق …
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پرردعمل

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری چیلنج چیلنج کا راگ لگانے کی بجائے میری موجودگی میں ایوان میں بیٹھ کر تو دکھائیں، ایوان میں بات کرنے کا موقع آتا ہے تو یہ بوریا بستر بغل میں دبا کر پتلی گلی سے نکل جاتے ہیں، جھوٹ، کرپشن، بددیانتی اور منافقت کی بنیادوں پر کھڑی سیاست کسی صادق امین قائد کا کیا مقابلہ کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ پرچی چیئرمین کا خبرنامہ کچھ اور سندھ کی زمینی صورتحال کچھ اور ہی منظر پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی بات ہے کہ کورونا میں سب سے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ سندھ حکومت نے کیا، وباءآئی تو تمام حکومتیں عوام کو محفوظ بنانے جبکہ سندھ حکومت پرچی چیئرمین کے والد کی کرپشن بچانے میں لگی رہی۔ مراد سعید نے کہا کہ پرچی چیئرمین نے جن غریبوں کا مال چھین کر اپنے جعلی کھاتوں میں بھرا عمران خان نے احساس کے ذریعے انکی مالی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز سے لے کر ٹیسٹنگ کٹوں کی فراہمی تک وفاقی حکومت نے صوبوں خصوصاً سندھ کا خیال رکھا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ جو جماعت صوبے کو کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دے سندھ کے عوام کو اس کے رحم و کرم پر کیسے چھوڑا جاسکتا تھا۔ مراد سعید نے مزید کہا کہ مودی بیرونی دشمن ہے، پرچی چیئرمین کی جماعت نے اندرونی طور پر پاکستان کو نقصان پہنچایا، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ نے قوم کو بتایا کیسے پرچی چیئرمین کی جماعت نے ان کے والد کی سرپرستی میں دہشت گردوں کی سرپرستی کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے ساتھ پرچی چیئرمین کے ”بچوں“ نے ملکی معیشت کو بھی ناقابل تصور حد تک نقصان پہنچایا، جس کی رگ و پے میں چوری کا پیسہ، جس کا اوڑھنا بچھونا مالِ حرام ہے وہ ہمیں کرپشن کا طعنہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلفٹن کا بنگلہ کس پیسے سے بنا، اخبارات و میڈیا چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں، کشمیر کاز کو سنجیدگی سے لینے کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کمیٹی سیاسی لین دین میں مولوی صاحب کے حوالے کر دی، لہجے کی بے چینی اور الفاظ کی گرمی بتا رہی ہے کہ احتساب کی تپش پاو¿ں اور دماغ دونوں کو جلا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا کو دیئے جانے والے طعنے بلاول بھٹوزرداری کے مستقبل کی خبر دے رہے ہیں، سندھ کی آزمائش کا وقت ختم ہوا، آئندہ یہ لعنت مسلط نہیں ہو گی، چوری کی ایک ایک دمڑی وصول کریں گے اور سیاست کو کرپشن جیسی ناپاکی سے پاک کریں گے۔








