وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول زرداری اور سندھ حکومت کو این ایف سی کے ذریعے ملنے والے 62 فیصد حصے کا جواب دینا ہو گا، سندھ کے عوام کا پیسہ وہاں کے عوام پر خرچ کیا ہوتا تو ہر سال سندھ میں غذائی قلت سے سینکڑوں بچوں کی اموات نہ ہوتی، ایسا نہیں ہو سکتا …

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول زرداری اور سندھ حکومت کو این ایف سی کے ذریعے ملنے والے 62 فیصد حصے کا جواب دینا ہو گا، سندھ کے عوام کا پیسہ وہاں کے عوام پر خرچ کیا ہوتا تو ہر سال سندھ میں غذائی قلت سے سینکڑوں بچوں کی اموات نہ ہوتی، ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ سندھ کا نعرہ لگا کر سندھ کو لوٹتے رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے احساس پروگرام کے تحت پسے ہوئے غریب خاندانوں کے لئے 12ہزار روپے فی خاندان اور چھوٹے کاروباری افراد کے لئے 2 سو ارب روپے کا پیکج دے چکے ہیں، لاک ڈاﺅن کی صورتحال کے باعث بے روزگار ہونے والوں اورنوجوانوں کےلئے بھی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول زرداری اور سندھ حکومت کواین ایف سی کی مد میں ملنے والے 62 فیصد حصے کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے تحت جو 62 فیصد سندھ حکومت کو جو ملتا ہے اسکی جواب طلبی پر غصے اور گالم گلوچ کے بجائے جواب دینا ہو گا کہ یہ پیسہ کہاں خرچ کیا گیا، سندھ کے غریب عوام اور ان کے بچوں کی بنیادی صحت اور تعلیم پر کیوں خرچ نہیں کیے گئے، اس بات کا جواب دیں کہ غذائی قلت کیوں ہے جس کی وجہ سے سندھ میں ہر سال سینکڑوں بچے موت کا شکار بنتے ہیں، گزشتہ روز ایک نوجوان کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے موت کے منہ میں کیسے چلا گیا۔ سندھ کے لوگوں کو نہ راشن میسر ہے اور نہ ہی پینے کا پانی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قبضہ مافیا کا گڑھ بن چکا ہے جو ہر چیز پر قبضہ کرتا ہے۔ صوبائی حکومت کوجو 62 فیصد این ایف سی ایوارڈ کا ملتا ہے وہ سندھ کے عوام کے لئے ہے، سندھ کے عوام کو اگر انصاف دینا ہے تو یہ پیسہ سندھ کے عوام پر خرچ کیا جائے، ان کے تعلیم ، بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی اور غربت میں کمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مراد سعید نے کہا کہایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ سندھ کے نعرہ لگا کر سندھ کو لوٹتے رہیں اور اپنی تجوریاں بھرتے رہیں۔