وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز کی بلوچستان میں این ایچ اے کے کنٹریکٹر کمیپ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

220

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے بلوچستان میں این ایچ اے کے زیارت ، کیج ، ہرنائی اور سنجاوی منصوبے کے کنٹریکٹر کمیپ پر دہشتگرد حملے کی مذمتکرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی عمل میں مصروف انجینئرز، ماہرین تعمیرات اور دیگر کارکنوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، بلوچستان کے جاری تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کو بلاتاخیر مکمل کرایا جائے گا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کنٹریکٹر کیمپ پر رات گئے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمتکرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی عمل میں مصروف انجیئنرز ، ماہرین اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردوں کے ان حملوں سے قطعاً مرعوب نہیں ہوں گے اور بلوچستان کے جاری تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں رات گئے مذکورہ تعمیراتی منصوبے کے 42 ویں کلومیٹر پر واقع منصوبے کے کنٹریکٹر عمر جان اینڈ کمپنی کے کیمپ آفس پر دہشتگردوں نے حملہ کیا اور وہاں موجود تعمیراتی مشینری کو آگ لگا دی۔ دہشتگردوں کی تعداد15سے20بتائی جارہی ہے۔حملے کے نتیجہ میں کمپنی کا ایک ورکر شہید اور 2 شدید زخمی ہوئے جبکہ4افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

کمپنی کی جس مشینری کو نذر آتش کیا گیا اس میں2بلڈوزر،2ڈمپر اور2پک اپ گاڑیاں شامل ہیں۔ حملے کی اطلاعات ملتے ہی این ایچ اے کے ممبر ویسٹ زون شاہد احسان اللہ اور این ایچ اے کی متعلقہ ٹیم نے مدد کیلئے ایف سی فورس سے فوری طور پر رابطہ کیا جس نے پہنچ کر کنٹریکٹر سٹاف کو ریسکیو کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات نے دہشتگردوں کے حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور تعمیراتی عمل میں مصروف کنٹریکٹر کو یقین دلایا کہ لاپتہ افراد کا جلد سراغ لگا کردہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے تعمیراتی کمپنی کے شہید اور زخمی ورکرز کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا اور کہا کہ ملزموں کا سراغ لگا کر انہیں کڑی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی مذموم کارروائیاں تعمیراتی عمل میں ہر گز رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں، بلوچستان کے تعمیراتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری رہے گا۔