24.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے آذربائیجان...

وفاقی وزیر نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کئی تجاویز پیش کیں جن میں ثقافتی تبادلوں میں اضافہ، مشترکہ موسیقی کی ترویج اور ورثہ کے تحفظ کے منصوبوں میں شراکت شامل ہیں۔انہوں نے 2024ء تا 2029ء کے ثقافتی تبادلہ پروگرام پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا جو جولائی 2024ء میں صدر آذربائیجان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران دستخط ہوا تھا۔سفیر نے آذربائیجان میں 18 سے 28 ستمبر تک منعقد ہونے والے بین الاقوامی میوزک فیسٹیول کا بھی ذکر کیا جو معروف آذربائیجانی موسیقار ازیر حاجی بیوف کی یاد میں ہوگا۔ یہ فیسٹیول ہییدر علییف فائونڈیشن اور آذربائیجان کی وزارت ثقافت کے تعاون سے منعقد ہوگا اور اس میں امریکہ، کوریا، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، فرانس، ترکیہ اور دیگر ممالک کے فنکار شرکت کریں گے۔

سفیر نے تجویز دی کہ پاکستان کے ریڈیو چینلز اس فیسٹیول کے دوران آذربائیجانی موسیقی نشر کریں اور ثقافتی مراکز میں اس حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوں جن کا مواد آذربائیجان فراہم کرے گا۔انہوں نے آذربائیجانی کلچرل ہیریٹیج اِن دی ورلڈ منصوبے میں پاکستان کے تعاون کی بھی درخواست کی جس کا مقصد آذربائیجان کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر فروغ دینا اور اس کا تحفظ کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دنیا بھر کے میوزیمز، لائبریریوں، آرکائیوز اور نجی مجموعوں میں موجود آذربائیجانی فن پاروں، مجسموں، مخطوطات اور نوادرات کی دستاویز بندی اور نمائش کی جائے گی۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات مشترکہ اسلامی اقدار، یکساں روایات اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اپنے دورہ باکو کا ذکر کرتے ہوئے آذربائیجان کی مہمان نوازی اور ثقافتی دولت کو سراہا اور نئے ثقافتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

- Advertisement -

وزیر نے پاکستان کے فنکاروں کو ستمبر کے فیسٹیول میں بھیجنے اور آذربائیجانی ثقافتی دستوں کو پاکستان میں اپنے فن، موسیقی اور ورثے کی نمائش کے لیے مدعو کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں ’’آذری کلچرل فیسٹیول‘‘ منعقد کرنے اور نمائشوں کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی تجویز دی۔سفیر کی اس خواہش پر کہ روایتی پاکستانی و آذری ملبوس ’’شیروانی‘‘ کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے۔ وفاقی وزیر نے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور بتایا کہ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم خاص مواقع پر شیروانی زیب تن کرتے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ شیروانی آذربائیجان کے علاقے میں بھی پسند اور پہنی جاتی ہے۔ سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اسد رحمان گیلانی جو اس موقع پر موجود تھے، نے ثقافتی تبادلوں میں توسیع میں پاکستان کی دلچسپی کا اعادہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ بدھ مت کے ماہر کاریگر آذربائیجان بھیجے جائیں تاکہ وہاں ثقافتی نمائشوں میں حصہ لیں۔دونوں فریقوں نے ثقافتی تعاون بڑھانے، ورثہ و ثقافت سے متعلق موجودہ معاہدوں کی تجدید اور عوامی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ سفیر نے پاکستانی اداروں میں آذربائیجانی ثقافتی کونوں کے قیام کو تعلقات کی مضبوطی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں