کراچی۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ حکومت کا نجکاری پروگرام وزیراعظم کے معاشی بحالی کے ایجنڈا کا اہم جزو ہے، کیبنٹ کمیٹی آن پرائیویٹائیزیشن کے فیصلے کے مطابق حکومت نے 17 قومی اداروں کی نجکاری کے لئے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پرائیوٹائزیشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں قومی اور بین الاقوامی بینکوں، مالیاتی اداروں، بروکریج کمپنیوں، اثاثہ جات کی انتظامی کمپنیوں، نجکاری بورڈ کے نمائندوں اور وزارت کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ تقریب کا مقصد نہ صرف منتخب اداروں کی نجکاری کے لئے مالیاتی مشیروں (ایف-ایز) کا انتخاب ہے بلکہ نجکاری کے قومی معیشت پر مثبت اثرات پر بھی بات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے ذریعے خسارے میں جانے والے قومی اداروں میں نہ صرف سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ملیں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور کارپوریٹ سیکٹر کی بہترین صلاحیتوں کو متعارف کراکر غربت کے خاتمے اور ٹیکس ریوینو کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ پاکستان اسٹیل ملز اور دیگر قومی اداروں کو مکمل طور پر فعال بناکر پاکستان کو معاشی بحالی کی طرف گامزن کرنا ہے۔