وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ملاقات

132

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ پیر کو اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نومنتخب رکن کونسل سابق وزیر مذہبی امور پنجاب صاحبزادہ سید سعید الحسن بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دلچسپی کے باہمی امور پر گفتگو ہوئی۔

احسن اقبال نے اسلامی نظریاتی کونسل کی اہمیت اور ضرورت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل سے ان کا بہت دیرینہ تعلق ہےT ان کی والدہ محترمہ ’’آپا نثار فاطمہ‘‘ کونسل کی دو مرتبہ رکن رہ چکی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کونسل کو ترقی کی راہ میں بہت آگے دیکھنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے حال ہی میں آکسفورڈ یونین میں ہونے والے تاریخی مکالمے ’’لبرل جمہوریت کی گلوبل سائوتھ میں ناکامی‘‘ میں پروفیسر احسن اقبال کو شرکت اور شاندار فتح حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

چیئرمین کونسل نے آئندہ منعقدہ کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر احسن اقبال کو خصوصی دعوت دی۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کو کونسل کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔