وفاقی وزیر پٹرولیم سے پولینڈ کے سفیر کی ملاقات، توانائی کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالہ سے تبادلہ خیال

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر میکی پسارسکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے بالخصوص تیل و گیس کی تلاش اور معدنیات کے شعبہ کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعہ کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان توانائی کی …

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر میکی پسارسکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے بالخصوص تیل و گیس کی تلاش اور معدنیات کے شعبہ کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعہ کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان توانائی کی تلاش، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے مواقع میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کی بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے کی کوششوں کو اجاگر کیا تاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے تیل، گیس اور معدنی ذخائر میں حالیہ بین الاقوامی دلچسپی کی بھی نشاندہی کی۔

سفیر پِسارسکی نے پاکستان کے توانائی کے شعبہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور باہمی ترقی و علم کے تبادلہ کے امکانات کو سراہا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پٹرولیم کے شعبہ میں جدت اور کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے۔ علی پرویز ملک نے پاکستان اور پولینڈ کے دیرینہ سفارتی تعلقات کی تعریف کی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر تانبے اور کوئلے کی کان کنی میں پولش مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ملاقات کا اختتام دونوں ممالک کے توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کے پختہ عزم کے ساتھ ہوا۔ ملاقات میں پٹرولیم اینڈ گیس انفراسٹرکچر اینڈ نیٹ ورک گروپ کے قائم مقام ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔