اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی
اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، حکومت بلوچستان اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار کو بلند کرنے، انہیں بہتر تدریسی ماحول فراہم کرنے اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال عالمی یوم اساتذہ کا موضوع ’’اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہونا، پیشے کا تحفظ، اساتذہ کے مقام کو بلند کرنا اور ہمارے مستقبل کی تشکیل‘‘ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ معیاری تعلیم کے لیے اساتذہ کو بااختیار بنانا اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق و مقام کا تحفظ ناگزیر ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ دو برس کے دوران مختلف اقدامات کے ذریعے 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں 2 لاکھ 31 ہزار جبکہ سال 2026 میں اب تک 2 لاکھ 81 ہزار بچوں کا سکولوں میں داخلہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کمیونٹی سکولوں کے ذریعے ایک لاکھ 54 ہزار بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ غیر فعال سکولوں کو فعال بنانے کے عمل کے نتیجے میں 95 ہزار سے زائد بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ دو برس کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچے تعلیم کے دائرے میں آئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو سکولوں تک لانے کے ساتھ حکومت بلوچستان نے تدریسی عمل کو مضبوط بنانے کے لیے 15 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات اور تدریسی ماحول کی بہتری کے لیے بھی متعدد منصوبے جاری ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 2 ہزار سے زائد نئے سکول قائم کیے گئے ہیں جبکہ مزید 1,800 اسکولوں کے قیام پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت سے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پی ٹی ایس ایم سی منصوبہ بھی جاری ہے، جس کی مجموعی تخمینی لاگت 6 ارب روپے ہے۔ منصوبے کے تحت 2 ہزار سکولوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 3,640 کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے ایک کمرے والے سکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے، جس کا مقصد طلبہ کو بہتر، محفوظ اور موزوں تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ حکومت بلوچستان سکولوں کی فعالیت، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کی دستیابی کےساتھ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر بلوچستان کے تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد صرف علم منتقل کرنے والا نہیں بلکہ بچوں کی شخصیت، کردار اور سوچ کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اساتذہ کے لیے بہتر تدریسی ماحول، پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع اور طلبہ کے لیے معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل اس کے بچوں سے وابستہ ہے اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم اور اساتذہ پر سرمایہ کاری دراصل صوبے کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینا ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم کا حق حاصل ہو، ہر اسکول فعال ہو اور ہر استاد کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کے لیے ضروری سہولیات اور سازگار ماحول میسر ہو۔








