اسلام آباد ۔ 13 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ چکری کی سیاستدان کو میں نے عبرت کا نشان بنا دیا ہے۔وہ استعفی دے یا حلف اٹھائے، میں اسمبلی کے اندر اور باھر اسکا پیچھا کروں گا۔اب حلقے کو عوامی نمائندگی سے محروم رکھنے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔چک بیلی خان کیلئے گیس کی فراہمی، حلقے میں بوائز اور گرلز سکولز اور 100 بستروں کے ہسپتال کے قیام کے منصوبوں کا اعلان کرتا ہوں اور رکن قومی اسمبلی کیلئے جو ترقیاتی فنڈز مجھے ملے ہیں وہ سو فیصد اپنے حلقہ انتخاب کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کر دےے ہیں۔چوہدری نثار جو کام 35 سالوں میں نہیں کرا سکا وہ میں 5 سال میں کر کے دکھاﺅں گا۔اب تعمیروترقی اور عوامی خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ھونے والا ھے۔ہم نے قومی وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑ دیا ھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو چک بیلی خان میں جلسے سے خطاب اور راولپنڈی اسلام آباد میں تقریبات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے کہا کہ علاقہ کے عوام نے مجھے جس عزت اور توقیر سے نوازا ھے وہ میرے لئے ناقابل فراموش اہمیت کی حامل ھے جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کی ترقی، فلاحی اور سماجی کاموں کے حوالے سے مجھے مطالبات اور سپاس نامہ پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں میں علاقہ کی ایک ایک محرومی اور عوام کے ہر مسئلے سے بخوبی آگاہ ہوں اور آپکے جتنے بھی مطالبات ہیں وہ سارے کے سارے منظور کرنے کا اعلان کرتا ھوں اور ہر ایک پر عملدرآمد بھی کرکے دکھاﺅں گا۔غلام سرور خان نے کہا کہ چک بیلی کے عوام پر مجھے بڑا ناز ھے۔یہ بیلیوں کا علاقہ ھے اور جس کسی نے اس علاقہ کا نام چک بیلی خان رکھا ھے وہ قابل ستائش ھے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کو میں نے یونین کونسل سے سیاست سکھائی مگر وہ شخص کسی کا دوست اور محسن نہیں اور ایسے محسن کش کو میں نے اسکے انجام تک پہنچا دیا ھے۔انکا کہنا تھا کہ 35 سالوں سے جن سیاسی جماعتوں اور خاندانوں نے اس ملک کو بیدردی سے لوٹا ھے انکا یوم حساب آچکا ھے۔وزیراعظم عمران خان قومی چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوڑیں گے اور وہ اپنی کڑی سزاﺅں کے عمل سے کسی قیمت بچ نہیں پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام 35 سالوں کے مسائل اور مشکلات کا موازنہ ہمارے 8 ماہ کی کارکردگی سے نہ کرے۔35 سال کا سیاسی گند صاف کر کے 5 سال میں ہم وہ کر دکھائیں گے جو چھ چھ مرتبہ باریاں لینے والے نہ کر سکے۔غلام سرور خان نے کہا کہ چوھدری نثار کے اوسان خطا ھو چکے ہیں۔وہ نارمل نہیں ابنارمل ہیں۔صوبائی اسمبلی کا حلف انکے گلے کی ھڈی بن چکا ھے جسکو نہ وہ نگل سکتے ھیں نہ اگل سکتے ھیں۔انکا کہنا تھا کہ جو شخص 4 مرتبہ وزیر پٹرولیم رہا اسکا اپنا حلقہ انتخاب 35 سال سے مسائلستان کی آماجگاہ بنا ھوا تھا جہاں عوام کو محرومیوں مسائل اور مشکلات کے علاوہ کچھ نہ مل سکا۔میں نے علاقہ اور اسکے عوام کی تقدیر بدلنے کا جو پختہ عزم کیا ھے اسکو کوئی بھی مائی کا لعل متزلزل نہیں کر پائے گا۔چوہدری نثار کی سیاست کا ستارہ ڈگمگا رہا ھے ان میں شکست تسلیم کرنے کا حوصلہ تک نہیں۔جلسے میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی چوہدری امجد محمود، چوہدری محمد افضل پڑیال، چوہدری میرافضل، کرنل محمد نواز، بریگیڈئر طارق زمان، چوہدری اعجاز انور نے شرکت کی۔قبل ازیں وزیر پٹرولیم جب جلسہ گاہ میں پہنچے تو انکا علاقہ کی سیاسی تاریخ میں شاندار اور بے مثال استقبال کیا گیا۔اس موقع پت زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور جلسہ گاہ پرجوش تالیوں اور خیرم مقدمی نعروں سے دیر تک گونجتا رہا۔اس موقع پر غلام سرور خان پر گل پاشی بھی کی گئی۔