اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ زیرو ریٹڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 44 ارب روپے کا سبسڈی پیکیج دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ زیرو ریٹڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پورا سال گیس پر سبسڈی دی جائے گی، رواں موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 17 ستمبر کو زیرو ریٹڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے 44 ارب روپے کا پیکیج منظور کیا۔ وفاقی کابینہ نے 27 ستمبر کو اس پیکیج کی توثیق کی۔ اس پیکیج کے تحت حکومت دسمبر، جنوری اور فروری میں زیرو ریٹڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 6.5 ڈالر ایم بی بی یو ٹی کے حساب سے سبسڈی فراہم کرے گی۔ تین ماہ اس شعبہ کو 100 فیصد آر ایل این جی فراہم کی جائے گی جبکہ بقیہ 9 ماہ میں 50 فیصد قدرتی گیس اور 50 فیصد آر ایل این جی ان کے زیر استعمال ہوگی۔ انہیں پورا سال سبسڈی دی جائے گی۔