وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہرکا بیان

110

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی صورت میں مشترکہ معاشی مفادات خطہ میں امن و خوشحالی کے ضامن بنیں گے، سی پیک ایسا شاندار منصوبہ ہے جس سے پاکستان اور چین کے علاوہ خطہ کے تمام ممالک کے مفادات منسلک ہیں اور یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کےلئے بھی معاشی لائف لائن کی حیثیت اختیار کر جائے گا۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ اس سے معاشی مفادات منسلک ہونے کے بعد خطہ کے ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور ان ممالک کے درمیان ایک مضبوط دوطرفہ اور کثیر الجہتی روابط کی داغ بیل ڈلے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خطہ کے ممالک اس تاریخی منصوبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔