اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دھرنا سیاست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے محمد نواز شریف کے ترقی کے وژن کو بھرپور سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے جس کا واضح ثبوت تمام ضمنی الیکشن میں محمد نواز شریف پراعتماد کا بھرپور اظہار ہے،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاست کا محور صرف اور صرف ملک میں انتشار پھیلانا، غلط اور بے بنیاد الزام لگا نا ہے، عمران خان کے آج تک کے لگائے گئے الزامات میں کوئی بھی سچ ثابت نہیں ہوئے اور بارہا عمران خان کو اپنے غلط الزامات کے باعث شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، عمران خان تین سال تک دھاندلی کا واویلا کرتے رہے اور بالآخر جوڈیشل کمیشن نے ان کے تمام تر الزامات کو مسترد کر دیا۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی غلط بیانی اور الزام تراشی پر مبنی اسی طرز سیاست کے باعث اُن کی مقبولیت کا گراف نیچے گر گیا ہے اور خنجراب تا کراچی کے عوام نے ان کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر سے لے کر پورے ملک میں ہونے والے ہر قسم کے انتخابات میں انہیں برُی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔