
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈم نے ایک وفد کے ہمراہ منگل کو یہاں وزارت انسانی حقوق کے آفس میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وفد کو وزارت انسانی حقوق کی جانب سے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات بارے اگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نئی قانون سازی کے علاوہ موجودہ قوانین پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق قانون سمیت دیگر قوانین بارے آگاہی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسف کے تعاون سے چائلڈ لیبر اور بچوں کی معذوری پر ایک سروے کرایا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صحت کو آئین پاکستان میں بنیادی حقوق کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے بچے کی پیدائش اور شادی کے ریکارڈ بارے ایک جامع ڈیٹابیس کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اعداد و شمار کی کمی کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔