وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے متعلق جاری ہدایات کا جائزہ لینے اور ان کے آڈٹ کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نےوزیراعظم کی ہدایات پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) سے متعلق جاری ہدایات کا جائزہ لینے اور ان کے آڈٹ کے لیے قائم کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نےوزیراعظم کی ہدایات پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) سے متعلق جاری ہدایات کا جائزہ لینے اور ان کے آڈٹ کے لیے قائم کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔پیر کو وزارت موسمیاتی تبدیلی وماحولیاتی ہم آہنگی سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نےوفاقی وزیر کو این آئی ٹی بی کے امور و کارکردگی، ادارے کی استعدادِ کار میں اضافے، نظام کو مزید موثر بنانے اور آپریشنل امور کو بہتر انداز میں منظم کرنے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے جاری کی گئی 27 ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس میں این آئی ٹی بی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے،ادارہ جاتی معاملات کو موثر انداز میں منظم کرنے اور وزیراعظم کی ہدایات پر بروقت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی آئندہ چندروز میں دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی جس میں ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت کا مزید جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔