اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ منسٹر انکلیو میں وفاقی وزراءاور دیگر اہم شخصیات کے گھروں کے باہر سے غیر قانونی حفاظتی باڑ کے خاتمے کے لئے آپریشن ہو رہا ہے‘ قائد حزب اختلاف کی طرف سے اپنے گھر کے باہر حفاظتی باڑ لگانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی نکتہ اعتراض پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور ایم ایم اے کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود کے گارڈز واپس بلا لئے گئے ہیں اور ان کی اسلام آباد میں رہائش سے حفاظتی باڑ ختم کی گئی ہے۔ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور تحقیقات کرائی جائیں۔ سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ نعیم الحق ، وزیر مذہبی امور‘ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سمیت منسٹر انکلیو میں دیگر وفاقی وزراءاور اہم شخصیات کے گھروں کے باہر سے غیر قانونی باڑ ختم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود قائدحزب اختلاف نے اپنی رہائش کے باہر حفاظتی باڑ لگائی ہے۔ ایم ایم اے کے رکن مولانا عبدالواسع نے بھی مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش سے حفاظتی باڑ ہٹانے پر احتجاج کیا۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ میں نے مولانا اسعد محمود کو پولیس گارڈز کی فراہمی کے معاملے پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے بات کی ہے۔ توقع ہے کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔