اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے بیرون ملک دوروں میں پی آئی اے کو غلط استعمال کیا، ماضی میں امریکہ دورے کے لیے وزیراعظم پی آئی اے کا جہاز استمال کرتے تھے جس قومی ائیر لائن کو کافی رقم خرچ کرنا پڑتی تھی، اب وزیراعظم عمران خان امریکہ جانے کے لیے ایئر فورس کا چھوٹا طیارہ استمال کریں گے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے غیر ملکی ائیر لائن نے پاکستان کے روٹس کو ختم کیا تھالیکن اب مختلف ممالک پاکستان میں فلائٹ آپریشن کے لیے دلچسپی لے رہے ہیںجن میں سر فہرست فرانس ہے۔غلام سرور خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی حکام نے ایئر پورٹ دورہ کرکے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قطر سے ایئر پورٹ کو اپ گریڈ کرنے کہ بات کی ہے مگر ایئر پورٹ کسی کے حوالے نہیں کیا جا رہا۔