وفاقی وزیر ہوا بازی کی سربراہی میں ایوی ایشن ڈویزن کے وفد کی وفاقی وزیر سید فخر امام سے ملاقات

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی سربراہی میں ایوی ایشن ڈویزن کے وفد نے وفاقی وزیر برائے قومی فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام سے بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ایوی ایشن ڈویزن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران ربیع سیزن کے دوران بدلتے موسمی صورتحال، بارش کے اثرات کے بارے اور گندم کی پیداوار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ موسمیات کے حکام نے آنے والے موسمی سلسلے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ آئندہ ربیع سیزن کے دوران فصلوں اور خاص طور پر گندم کی پیداور پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فصلوں پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کے لئے چار وزارتوں پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے جن میں وزارت ہوا بازی، وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت آبی وسائل اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق شامل ہوں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسانوں تک موسم کے حوالے سے معلومات اور فصلوں پر اس کے اثر انداز ہونے کے بارے میں معلومات مختلف روابط کے ذریعہ پہنچائی جائی۔ اجلاس اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مختلف مواصلاتی ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے کاشتکاروں کو موسمی صورتحال اور فصلوں پر اس کے اثرات کے بارے میں آگاہی دی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن حسن ناصر جامی نے ایوی ایشن ڈویزن کے حکام اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی موجود تھے۔