ملتان۔ 29 اگست (اے پی پی):ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی کتاب “محتسب کی ڈائری” کی شاندار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں کاروباری برادری، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات نے بھرپور شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ “محتسب کی ڈائری میں وہی کچھ قلمبند کیا ہے جو میرے دل و دماغ میں آیا، جو دیکھا اور محسوس کیا۔ یہ کتاب لوگوں کو رشتوں کی قدر اور خدمتِ خلق کی اہمیت کا احساس دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کا نام بلند کرنے کی کوشش کی ہے اور جو بھی عزت ملی ہے وہ صرف پاکستان کی بدولت ہے۔ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ٹیکس دہندگان کے لیے ہم نے سہولیات پیدا کی ہیں،
صدرِ مملکت نے ہمارے 98 فیصلوں کی توثیق کی ہے جو عوامی اعتماد کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور مشکل گھڑیوں میں انہوں نے اور ان کی ٹیم نے ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر خدمت کی ہے۔سیلاب ہو یا کوئی اور آفت، ہم نے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ٹیکس محتسب تک رسائی ایک کلک پر ممکن ہے اور شکایات کا ازالہ دنوں میں کیا جاتا ہے۔ ٹیکس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسی سے پاکستان کی معیشت چلتی ہے۔تقریب کے شرکاء نے ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں وفاقی ٹیکس محتسب نے عوام کو فوری انصاف اور ٹیکس دہندگان کے لیے سہولتیں فراہم کر کے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ “محتسب کی ڈائری” نہ صرف ڈاکٹر آصف جاہ کی جدوجہد اور تجربات کا آئینہ دار ہے بلکہ یہ نئی نسل کے لیے بھی ایک قیمتی سرمایہ اور رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگی۔