لندن۔11جولائی (اے پی پی):رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ ، ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار،دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر تین کارلوس الکاراز ،روسی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر پانچ ڈینیئل مدویدیف اوراٹلی کے لورینزو موسیٹی اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔
نوویک جوکووچ اپنے مجموعی طور پر آٹھویں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹائٹل کے لئے کوشاں ہیں۔ سیمی فائنل رائونڈ میں ان کا مقابلہ اطالوی حریف لورینزو موسیٹی سے ہوگا۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ اپنے حریف آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی ایلکس ڈی مینور کے میچ سے دستبردار ہونے کے باعث با آسانی سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار ،دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر تین کارلوس الکاراز نے امریکی حریف کھلاڑی ٹامی پال کو مات دی ۔روسی ڈینیئل مدویدیف نے کوارٹر فائنل میچ میں اطالوی ٹاپ سیڈڈ جینک سنر کو شکست دی اور ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ اٹلی کے لورینزو موسیٹی نے ٹاپ ایٹ میچ میں امریکی حریف کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو پچھاڑا۔میگا ایونٹ کے سیمی فائنل رائونڈ میں نوویک جوکووچ کا مقابلہ لورینزو موسیٹی سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں کارلوس الکاراز کا مقابلہ ڈینیئل مدویدیف سے ہوگا۔