ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 29جون سے 12جولائی تک انگلینڈمیں کھیلا جائے گا

رواں سال کے تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 139 واں ایڈیشن 29جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ بی بی سی کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب ومبلڈن میں کھیلا جائے گا ۔

لندن۔18جون (اے پی پی):رواں سال کے تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 139 واں ایڈیشن 29جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ بی بی سی کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب ومبلڈن میں کھیلا جائے گا ۔

ومبلڈن اوپن ٹینس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔

اٹلی کے نامور ٹینس سٹار جینک سنر میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں پولینڈ کی آئیگا سویٹیک نے 2025 کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں جولین کیش اور لائیڈ گلاسپول پر مشتمل برطانوی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی ۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں روس کی ٹینس کھلاڑی ویرونیکا کدرمیٹووا اور ان کی بیلجیم کی جوڑی دار ایلیس مرٹینزاپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔

رواں سال کا تیسرا میگا ایونٹ 29 جون سے شروع ہوکر (14دن جاری رہنے کے بعد )12جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔میگا ایونٹ کی انتظامیہ کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس کے لئے 6 کروڑ 42لاکھ پائونڈ کی انعامی رقم مختص ہے جو 2025 کے ایڈیشن سے 20.0 فیصد زیادہ ہے اور ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سال بہ سال سب سے بڑا اضافہ ہے۔