میلان ۔19فروری (اے پی پی):میلان کورٹینا ونٹر اولمپکس 2026میں شارٹ ٹریک سپیڈ سکیٹنگ کے مقابلوں میں کینیڈا کے سٹیون ڈوبوا نے مردوں کے 500 میٹر ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ جنوبی کوریا نے خواتین کی 3000 میٹر ریلے میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق چار بار کے عالمی چیمپئن ڈوبوا نے ریس کے آغاز سے ہی برتری حاصل …
ونٹر اولمپکس2026،کینیڈا اور جنوبی کوریا نے شارٹ ٹریک سکیٹنگ میں طلائی تمغے جیت لئے
میلان ۔19فروری (اے پی پی):میلان کورٹینا ونٹر اولمپکس 2026میں شارٹ ٹریک سپیڈ سکیٹنگ کے مقابلوں میں کینیڈا کے سٹیون ڈوبوا نے مردوں کے 500 میٹر ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ جنوبی کوریا نے خواتین کی 3000 میٹر ریلے میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق چار بار کے عالمی چیمپئن ڈوبوا نے ریس کے آغاز سے ہی برتری حاصل کی اور 40.835 سیکنڈز کے ساتھ فنش لائن عبور کر کے اپنے کیریئر کا پہلا انفرادی اولمپک گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ہالینڈ کے دو بھائیوں میلے وینٹ واٹ اور جینس وینٹ واٹ نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے جبکہ چینی سٹار لیو شاؤنگ سیمی فائنل میں گرنے کے باعث فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔دوسری جانب خواتین کی 3000 میٹر ریلے ریس میں انتہائی ڈرامائی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ ریس کے درمیانی حصے میں ہالینڈ اور کینیڈا کے درمیان ہونے والے تصادم کے باعث جنوبی کوریا کی ٹیم کافی پیچھے رہ گئی تھی، تاہم جنوبی کوریاکے کھلاڑیوں نے ہمت نہ ہاری اور آخری چند لیپس میں شاندار واپسی کی۔ ریس ختم ہونے سے صرف دو لیپس قبل جنوبی کوریا کی کم گل لی نے اطالوی سٹار اریانا فونٹانا کو اندرونی جانب سے اوور ٹیک کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔
اٹلی نے چاندی اور کینیڈا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ اٹلی کی اریانا فونٹانا نے مجموعی طور پر 14 اولمپک میڈلز جیت کر اٹلی کی سب سے کامیاب اولمپین ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ۔چینی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سپرنگ فیسٹیول کے موقع پر طلائی تمغہ نہ جیت پانے پر مداحوں سے معذرت کی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی جانب سے بہترین کوشش کی۔ خواتین کے ریلے میں چین نے فائنل بی جیت کر اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔









