وہاڑی ،ریڈک وہاڑی کے زیر اہتمام خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے چار روزہ تربیتی پروگرام مکمل
وہاڑی ،ریڈک وہاڑی کے زیر اہتمام خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے چار روزہ تربیتی پروگرام مکمل
وہاڑی ۔ 19 جون (اے پی پی):ریجنل ایگریکلچرل اکنامک ڈویلپمنٹ سینٹر (ریڈک) وہاڑی کے زیر اہتمام "زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن اور کوکنگ ریسپیز کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا” کے موضوع پر چار روزہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہو گیا۔
تربیتی پروگرام میں 24 خواتین نے شرکت کی جنہیں تازہ پھلوں اور سبزیوں کی ویلیو ایڈیشن، فوڈ پراڈکٹس کی تیاری، جدید کوکنگ ریسپیز، حفظانِ صحت کے اصول، پیکجنگ، معیار میں بہتری اور گھریلو سطح پر کاروبار کے بنیادی تصورات سے آگاہ کیا گیا۔
پروگرام کا مقصد خواتین کی فنی صلاحیتوں میں اضافہ، انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا اور زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کرنا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف کوآرڈینیٹر ریڈک نے کہا کہ باہنر خواتین خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں اور خواتین کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈک وہاڑی آئندہ بھی خواتین کی فنی اور کاروباری استعداد میں اضافے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ کورس کوآرڈینیٹر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔









