وہاڑی ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، ای بز پورٹل پر 1200 این او سیز منظور،جالی دار مین ہولز لگانے کا منصوبہ زیر غور
وہاڑی ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، ای بز پورٹل پر 1200 این او سیز منظور،جالی دار مین ہولز لگانے کا منصوبہ زیر غور

مزید خبریں
وہاڑی۔01 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ای بز پنجاب پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں پر پیش رفت اور ضلع بھر میں مین ہولز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای بز پورٹل پر موصول ہونے والی 1502 درخواستوں میں سے 1200 درخواستیں این او سی کے اجراء کیلئے منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 165 درخواستیں نامکمل کوائف کی بنیاد پر زیر التواء ہیں اور اہلیت و طریقہ کار کے مطابق 81 درخواستیں مسترد کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ای بز پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کو مقررہ مدت میں نمٹانے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں۔
اجلاس میں ضلع وہاڑی میں موجود مین ہولز کی تعداد اور جالی دار (نیٹ) مین ہولز نصب کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 32 ہزار 66 مین ہولز موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے جالی دار مین ہولز کی تنصیب کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عیدالاضحیٰ پر زیرو ویسٹ مشن کی کامیاب تکمیل پر ضلعی افسران اور ستھرا پنجاب ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ای بز پنجاب پورٹل کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے اور کاروباری افراد گھر بیٹھے این او سی کے حصول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کاروبار کے آغاز کیلئے این او سی 15 ورکنگ ڈیز کے اندر جاری کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔








