وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا شمار ترقیاتی ممالک میں ہوگا، وفاقی وزیر سید فخر امام شاہ

53

خانیوال۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کے ٹریک پر چل پڑا ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا شمار دیگر ترقیاتی ممالک میں ہوگا،انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر نے اجلاس ضلع میں جاری میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار،کورونا کی صورتحال ،پرائس کنٹرول،گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے انہیں بریفنگ دی۔

اجلاس میں سی ای اوز صحت ،تعلیم،ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ،انڈسٹریز،زراعت اور تعمیراتی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انڈیا میں کورونا وائرس کی ابتر صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں احتیاطی اقدامات میں مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔ ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیدار کیخلاف سخت ایکشن کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کیلئے ضلع کے تمام کسانوں کی رجسٹریشن تیز کی جائے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے جناح لائیبریری میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹر بھی وزٹ کیا۔