ویتنامی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ٹرونگ وان تھانگ اور وفاقی وزیر وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے مشیر کا اسلام آباد میوزیم کا دورہ

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز (ڈی او اے ایم)کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغفور نے اسلام آباد میوزیم میں ویتنام کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ٹرونگ وان تھانگ اور وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے وفاقی وزیر کے مشیر کا پرتپاک استقبال کیا۔وفد نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بالخصوص نئی قائم کردہ گیلری کا مشاہدہ کیا جس میں پاکستان کی …

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز (ڈی او اے ایم)کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغفور نے اسلام آباد میوزیم میں ویتنام کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ٹرونگ وان تھانگ اور وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے وفاقی وزیر کے مشیر کا پرتپاک استقبال کیا۔وفد نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بالخصوص نئی قائم کردہ گیلری کا مشاہدہ کیا جس میں پاکستان کی شاندار تاریخ اور ثقافتی ورثے کی جھلک پیش کی گئی ہے۔

مہمانوں کو قدیم نوادرات، فن پاروں اور آثار قدیمہ کے نایاب ذخیرے کے ذریعے پاکستان کے متنوع تہذیبی ورثے سے روشناس کرایا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور میوزیم کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان عجائب گھروں اور ثقافتی اداروں کے اشتراک سے نمائشوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغفور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ دنیا بھر کے لیے کشش کا باعث ہے اور ویتنام کے ساتھ مشترکہ اقدامات نہ صرف ورثے کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے بلکہ دونوں ممالک کی ثقافتی سفارت کاری کو بھی نئی جہت فراہم کریں گے۔یہ دورہ مستقبل میں پاکستان اور ویتنام کے درمیان ثقافتی تعاون، نمائشوں اور مشترکہ منصوبوں کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بنے گا اور خطے میں ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔