ویزہ فراڈ، انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون خواجہ حماد الرحمن نے کہا کہ ادارہ ویزہ فراڈ، جعلی ملازمتوں کے جھانسے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے

ملتان۔ 04 اگست (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون خواجہ حماد الرحمن نے کہا کہ ادارہ ویزہ فراڈ، جعلی ملازمتوں کے جھانسے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے بڑی تعداد میں افراد روزگار کے لیے مشرقِ وسطیٰ سمیت مختلف ممالک کا رخ کرتے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض نوسرباز ایجنٹ پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور لیتے ہیں اور بعد ازاں انہیں جعلی یا غیر قانونی سفری دستاویزات فراہم کر کے فراڈ کا نشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ویزہ فراڈ سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اور بیشتر مقدمات میں چند روز کے اندر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔ ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے جاتے ہیں، گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔خواجہ حماد الرحمن نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ بیرونِ ملک ملازمت کے خواہش مند افراد صرف حکومت پاکستان سے رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز یا مستند لائسنس یافتہ ریکروٹمنٹ ایجنٹس سے ہی رابطہ کریں، ان کی رجسٹریشن اور تمام دستاویزات کی مکمل تصدیق کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ شخص یا ادارے کو رقم ادا کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ملتان زون نہ صرف ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے بلکہ غیر قانونی امیگریشن اور “ڈنکی” کے ذریعے بیرونِ ملک جانے کی کوششوں کی بھی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بعض افراد عمرہ یا سیاحت کے ویزے پر بیرونِ ملک جا کر غیر قانونی طور پر ملازمت اختیار کر لیتے ہیں یا وہاں سے کسی تیسرے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایسے مشتبہ مسافروں کی ایئرپورٹس پر جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور ضروری تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق انہیں آف لوڈ بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات کم عمر افراد بھی عمرہ یا دیگر ویزوں کی آڑ میں غیر قانونی امیگریشن کی کوشش کرتے ہیں، جن کے کیسز کی بھی مکمل چھان بین کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایئرپورٹس پر ایف آی اے کے خصوصی کاؤنٹرز قائم ہیں جہاں مسافروں کی دستاویزات اور سفری مقاصد کی جانچ کے ساتھ ساتھ آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

مزید خبریں