ٹرینیڈاڈ۔28اگست (اے پی پی):ویسٹ انڈیزنے جنوبی افریقا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز کلین سویپ کرلی،بارش کے باعث میچ کو 13،13 اوورز تک محدود کر دیا گیا،میزبان ویسٹ انڈیز ٹیم نے پروٹیز کی جانب سے ملنے والا 109 رنز کا ہدف نویں اوور کی دوسری گیند پر دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،ویسٹ انڈیز کے روماریو شیفرڈ کو میچ جبکہ شائی ہوپ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بدھ کو برائن لار سٹیڈیم تاروبا ٹرینیڈاڈ میں میچ شروع ہوتے ہی بارش شروع ہوگئی جس کے باعث ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت میچ 13،13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 13 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کو میچ میں کامیابی کے لئے 109 رنز کا ہدف دیا، پروٹیز کی جانب سے ٹرسٹن سٹبس نے 40 اور ریان رکیلٹن نے 27 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے روماریو شیفرڈ نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے دو جبکہ عقیل حسین اور میتھیو فورڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
جواب میں میزبان ویسٹ انڈیز ٹیم نے مطلوبہ 109 رنز کا ہدف نویں اوور کی دوسری گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شائی ہوپ ناقابل شکست 42 اور شمرون ناقابل شکست 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، یوں ویسٹ انڈیز ٹیم نے میچ میں پروٹیز کو نہ صرف 8 وکٹوں سے شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز کلین سویپ بھی کرلی۔ ویسٹ انڈیز کے روماریو شیفرڈ کو میچ جبکہ شائی ہوپ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔