ویسٹ انڈیز ویمنز اے اور تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیمیں ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے رواں ماہ پاکستان آئیں گی

76
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):ویسٹ انڈیز ویمنز اے اور تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیمیں ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے رواں ماہ پاکستان آئیں گی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز ویمنز اے ٹیم پاکستان ویمنز اے کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی جبکہ تھائی لینڈ کی ایمرجنگ ٹیم اور ویسٹ انڈیز ویمنز اے پاکستان ویمنز اے کے ساتھ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لیں گی۔ یہ تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ویسٹ انڈیز اے کی ٹیم اٹھارہ اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔

اس کے دو میچز غنی انسٹی ٹیوٹ فار کرکٹ لاہور میں ہونگے جبکہ آخری ون ڈے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔تھائی لینڈ ایمرجنگ ٹیم اٹھائیس اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی ۔تھائی لینڈ ایمرجنگ، ویسٹ انڈیز اے اور پاکستان اے کے درمیان سہ فریقی سیریز کیمیچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔تھائی لینڈ کی ایمرجنگ ٹیم پاکستان اے کے خلاف لاہور ہی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ِخواتین ایمرجنگ اور اے ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی جبکہ پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم آئندہ سال جنوری میں بنگلہ دیش میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی جس میں تیسری ٹیم سری لنکا انڈر19 ہوگی۔دوسری جانب پاکستان کی سینئر ویمنز ٹیم اس سیزن میں آئی سی سی چیمپئن شپ کی پانچ سیریز میں حصہ لے رہی ہے اس نے گزشتہ دنوں چین میں منعقدہ ایشین گیمز میں بھی حصہ لیا ہے۔ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ خواتین کرکٹ دنیا بھر میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پاکستان کی خواتین ٹیم بھی اس سلسلے میں بہت زیادہ متحرک ہے ۔