ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے پری سیریز تربیتی کیمپ کا آغاز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گیا جہاں قومی ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں نے کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں بھرپور ٹریننگ کرتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز
ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے پری سیریز تربیتی کیمپ کا آغاز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے پری سیریز تربیتی کیمپ کا آغاز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گیا جہاں قومی ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں نے کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں بھرپور ٹریننگ کرتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ پی سی بی کے مطابق تین گھنٹے پر محیط تربیتی سیشن کے دوران قومی کھلاڑیوں نے فٹنس، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقوں میں حصہ لیا۔ ہیڈ کوچ سرفراز احمد، بیٹنگ کوچ اسد شفیق اور باؤلنگ کوچ عمر گل نے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں خصوصی ڈرلز کروائیں اور تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے پریکٹس وکٹوں پر بھرپور نیٹس سیشن کیا جہاں بیٹرز نے مختلف باؤلرز کا سامنا کیا جبکہ باؤلرز نے لائن و لینتھ اور مختلف حکمت عملیوں پر کام کیا۔ کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے اگلے مرحلے میں جمعہ اور ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دو روزہ انٹرا سکواڈ سناریو میچ کھیلا جائے گا جس کا مقصد کھلاڑیوں کو میچ جیسا ماحول فراہم کرنا اور حتمی کمبی نیشن کا جائزہ لینا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 25 جولائی سے 10 اگست تک کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کوئینز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں شیڈول ہے۔








