ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہم ہے، بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔شان مسعود

221
Shaun Masood
Shaun Masood

ملتان۔ 16 جنوری (اے پی پی):قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہم ہے،بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے،آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی اس آخری سیریز کوجیت پر ختم کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

شان مسعود نے کہا کہ موجودہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ ہماری آخری ٹیسٹ سیریز ہے اور ہم اسے جیت پر ختم کرنا چاہیں گے،ٹیسٹ فارمیٹ میں ہر میچ بہت اہمیت رکھتا ہے اور ہم سیریز جیت کر مہم کا اختتام کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ہیں، وہ کھیل میں ایک منفرد انداز لاتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ ہمارا سخت مقابلہ کریں گے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ دراصل چیلنجز میں خود کو ڈھالنے اور ان کا مقابلہ کرنے کا نام ہے اور ہم ایک ٹیم کے طور پر ہمارے راستے میں جو بھی آئے اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں ٹیسٹ سیریز کی بہت اہمیت ہوتی ہے،ہرکسی کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین پرفارمنس دے،ایک سال میں کئی بار ہم جیتنے کی پوزیشن میں آکر میچ ہارے،ٹیم کیلئے یہی سبق ہےکہ میچز کو جیت میں کس طرح تبدیل کرسکتے ہیں،انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز جیتنے سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد اور مومینٹم ملا ہے،ہماری پوری توجہ مضبوط پرفارمنس دینے اور جیتنے والے رویئے کو آگے بڑھانے پر ہے۔

ٹیسٹ میچز میں بطور کپتان اپنی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ انفرادی اور مجموعی طور پر وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے، ہم بہت سارے میچز قریب آ کر ہارے ہیں، ہماری ٹیم کو ایسے میچز کو جیتنا ہوگا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی کنڈیشنز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخالف ٹیم کو دیکھتے ہوئے فاسٹ اور اسپن باؤلرز کا تعین کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھ ویٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان آکر بہت پرجوش ہیں، میں اس سے پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا اور شاید زیادہ تر کھلاڑی بھی پہلی بار دورہ کر رہے ہیں اور ہم واقعی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان ٹیم اپنے میدان میں ایک مضبوط ٹیم ہے اس لیے ہم ان حالات میں اچھی کارکردگی کے منتظر ہیں،ہماری ٹیم کی کارکردگی یہاں کافی اہم ہوگی اور ظاہر ہے کہ بورڈ پر رنز بنانا ضروری ہے لیکن بیس وکٹیں لینا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔ کریگ بریتھ ویٹ نے کہا کہ ہماری تیاری اچھی رہی،پہلےاسلام آباد اور اب ملتان میں پریکٹس کی،ملتان اور اسلام آباد کی کنڈیشنز ایک جیسی ہیں،ایڈجسٹ ہوگئے ہیں،یہ ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے،پراعتماد ہوں ٹیم میں شامل ہرکھلاڑی پرفارم کرے۔قبل ازیں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ،باولنگ اور بیٹنگ کے شعبوں میں خوب پریکٹس کی۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریزکا پہلا میچ آج)جمعہ سے شروع ہوگا۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں کھیلا جائے گا جو 25 جنوری سے کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسمبر 2006 کے بعد اب ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے،

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان پاکستان میں آخری دفعہ کھیلی جانے والی سیریز میں پی سی بی ہال آف فیمر انضمام الحق کپتان تھے اور یہ سیریز پاکستان نے 0-2 سے جیتی تھی۔2021 میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز آخری دفعہ ریڈ بال فارمیٹ میں آمنے سامنے آئے اور سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیم گزشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دینے کے بعد مسلسل دوسری ہوم سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی۔