سلہٹ ۔4اکتوبر (اے پی پی):ویمنز ایشیا کپ ٹی 20 ، سری لنکا نے تھائی لینڈ کو 49 رنز سے شکست دے دی ، یہ سری لنکن ویمن ٹیم کی ایشیا کپ میں دوسری فتح ہے ۔سلہٹ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے ساتویں میچ میں سری لنکا ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے ،
ہرشیتھا مادوی نے 81 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ،نیلاکشی ڈی سلوا ناقابل شکست 39 رنز بنا کر دوسری نمایاں بلے بازرہیں ،تھائی لینڈ کی طرف سے تھیپٹچا پوتھاونگ نے دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناسکی۔
چنیڈا ستھیروانگ نے ناقابل شکست 37 اور ننپت کونچاروینکائی نے 25 رنز بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے اچینی کلسوریا نے دو جبکہ سوگنڈیکا کماری، انوکا راناویرا اور کاویشا دلہری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکاکی ہرشیتھا مادوی کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔