ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ وارم اپ میچ ، پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

کیپ ٹائون۔7فروری (اے پی پی): آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں پاکستان خواتین ٹیم نے بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم کی طرف سے ملنے والا 102 رنز کا ہدف پاکستان کی خواتین ٹیم نے 16 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مغربی صوبہ کرکٹ کلب، کیپ ٹاؤن میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کی جو بعد میں غلط ثابت ہوا ۔

پاکستانی ویمن ٹیم کی بائولرز نے شاندار بائولنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بناسکی ، اور اس کی 6 کھلاڑی دوہراہندسہ بھی عبور نہ کر سکی۔شمیمہ سلطانہ 36 رنز بناکر نمایاں رہی۔پاکستان کی طرف سے ندا ڈار اور ناشرہ سندھو نے دو، دو جبکہ سعدیہ اقبال،ایمن انور اور طوبہ حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ندا ڈار نے ناقابل شکست 24 اور عائشہ نسیم نے ناقابل شکست 20 رنز بنائے۔کپتان بسمہ معروف 24 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہی۔ بنگلہ دیشی ویمن کی طرف سے معروفہ اختر اور رومانہ احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کی خواتین ٹیم اپنا دوسرا اور آخری وارم اپ میچ کل بدھ کو میزبان جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی۔