ویکسی نیشن عازمین کے تحفظ اور پرسکون حج کے لیے ضروری ہے،سعودی وزارت صحت

سعودی عرب کی وزارتِ صحت اور پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے ان بیماریوں کی ایک فہرست جاری کر دی جو جسمانی معذوری کے باعث عازمین کو حج اجازت نامہ جاری کرنے سے روک سکتی ہیں

ریاض۔30اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ صحت اور پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے ان بیماریوں کی ایک فہرست جاری کر دی جو جسمانی معذوری کے باعث عازمین کو حج اجازت نامہ جاری کرنے سے روک سکتی ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت صحت نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے جسمانی صحت کا بحال ہونا اہم ہے۔ ایسی بیماریاں جن کی وجہ سے جسمانی صحت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، ان میں گردوں کا فیل ہونا اور جس کے لیے ڈائیلاسز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہارٹ فیل، جگر کا سروسس، شدید دماغی امراض، بہت زیادہ عمر، ڈیمنشیا کے علاوہ حاملہ خواتین جن کی زچگی میں آخری تین ماہ باقی ہوں، شامل ہیں۔ وزارتِ صحت نے زور دیا کہ عازمین حج صحت کی ضروریات کو پورا کریں جو انہیں آسانی اور آرام سے مناسک ادا کرنے کے قابل بنائے۔

عازمین کے لیے رواں سال حج پر آنے سے قبل گردن توڑ بخار سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ انتہائی کمزور گروپوں میں تجویز کردہ ویکسی نیشن میں کووڈ 19 کی ویکسین ہے۔ ایسے عازمین جن کی عمر 65 اور اس سے زیادہ ہو جبکہ حاملہ خواتین جنہوں نے جنوری 2025 سے قبل کورونا ویکسین لگوائی تھی، انہیں چاہیے کہ وہ بوسٹر ڈوز بھی لگوائیں۔ رواں سال عازمین حج کے لیے سیزنل انفلوئنزا ویکسین شامل ہے۔ اگر انہوں نے ستمبر 2025 سے قبل ویکسین لگوائی تھی تو انہیں چاہیے کہ فلو کی بوسٹر ڈوز ضرور لگوائیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن عازمین کی سیفٹی، اچھی صحت اور پرسکون حج کے لیے ضروری ہے۔