و زیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا یوم آزادی پر یکجہتی کشمیر کی عظیم الشان ریلی سے خطاب

92

اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی پرچموں کے ساتھ کشمیری پرچموں کی یہ بہار کشمیری عوام کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ نریندر مودی کی سرکار نے آپ کی ریاست کو مٹانے کی کوشش لیکن ہم پاکستانی اور اس قوم کا بچہ بچہ کل بھی آپ کے ساتھ تھا اور آج بھی آپ کے ساتھ ہے، دنیا کو آگاہ کرنے اور ان کی ذمہ داری یاد دلانے کیلئے آج ڈی چوک پر آئے ہیں اور انہیں آگاہ کرتے ہیں کہ خوشحالی سنگینوں کے سائے میں نہیں آتی، 14 ملین کشمیریوں اور ان کی آواز کو پابند سلاسل بنا دیا گیا ہے، سرحد کے اس پار مہاجرین کو اپنے پیاروں کی صورتحال سے متعلق کوئی علم نہیں، پوری کشمیری قیادت مکمل طور پر بھارتی اقدامات کو مسترد کر چکی ہے، اس کے باوجود بھارت آزمائش چاہتا ہے تو کل کرفیو اٹھا کر کشمیری قیادت کو سرینگر میں اظہار خیال کا موقع فراہم کر دے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، کشمیریوں کا مقدمہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو تحریری طور پر ارسال کر دیا ہے اور ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور پاکستانی قوم کا نکتہ نظر مدلل انداز میں پیش کر دیا ہے، ہم نے ہمت نہیں ہارنی، اپنی منزل کی طرف بڑھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم آزادی پر یکجہتی کشمیر کی عظیم الشان ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔