ٹائیگر فورس رضاکارانہ بنیادوں پر کام کرنے کیلئے تیار ہے ، محمد عثمان ڈار

78

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن موجودہ حکومت کو بدنام کرنے کیلئے ٹائیگر فورس کی کارکردگی کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے رواں سال مارچ میں قائم کی گئی تھی تاکہ متاثرین کی مدد کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا جا سکے۔ بعد ازاں ٹائیگر فورس کو شجرکاری، انسداد ڈینگی، انسداد پولیو مہم، ٹڈی کے خاتمہ، ٹریفک کے انتظام اور سیلاب کی روک تھام سے متعلق اضافی فرائض بھی سونپے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو ان کے متعلقہ علاقوں میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی نشاندہی کی نئی ذمہ داریاں بھی سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹائیگر فورس رضاکارانہ بنیادوں پر کام کرنے کیلئے تیار ہے اور حکومت اسے کوئی فنڈز فراہم نہیں کرے گی۔